بنگلورو۔23/جنوری(ایس او نیوز) لوک آیوکتہ کے عہدہ پر جسٹس وشواناتھ شٹی کے تقرر کے سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے کی گئی سفارش کو واپس لوٹا دئے جانے کے متعلق آج گورنر واجو بھائی والا نے کچھ بھی کہنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج راج بھون پہنچ کر انہیں جنم دن کی مبارکباد پیش کی۔ معتبر ذرائع نے بتایاکہ اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے وشواناتھ شٹی کے تقرر کے معاملے پر کسی طرح کی بات چیت کی توقع کی جارہی تھی، لیکن وزیر اعلیٰ نے گورنر سے ملاقات کے بعد خود بھی واضح کیا کہ اس مسئلے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ راج بھون پہنچ کر وزیر اعلیٰ نے گورنر کو جنم دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کرناٹک کا روایتی میسور پیٹھا پہنایا، شال پوشی کی، وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج اور رکن کونسل وی ایس اگرپا بھی موجود تھے۔